میدان عرفات : مفتی اعظم سعودی عرب شیخ عبدالعزیز الشیخ نے خطبہ حج میں مسلمانوں کو تمام سازشوں کے خلاف متحد ہونے کا درس دیتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمانوں میں اتحاد وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، مسلمانوں کو گمراہ کرنے والے انسان کہلانے کے لائق نہیں ہیں۔ مسلمانوں کو مختلف چیلنجز کا سامنا ہے ، سیاست اللہ کی جانب سے دی گئی امانت ہے اور اس میں خیانت کرنے والوں کے حصہ میں صرف ذلت ہے ۔ دنیا کے تمام رہنمائوں کو دعوت دیتا ہوں کے وہ اسلام جیسے پر امن مذہب میں شامل ہو جائیں ۔ میدان عرفات میں خطبہ حج دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج اچھائی اور برائی میں تمیز کرنا مشکل ہو گیا ہے نوجوانان کے ذہنوں میں اسلام کے خلاف شکوک و شبہات پھیلائے جا رہے ہیں جس کا مقابلہ کرنے کے لئے مسلمانوں کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا ۔ دہشت گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خود کش حملوں اور دہشت گردی کے مذہب میں کوئی جگہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ مغربی دنیا کی طرح مسلمان کبھی اپنی مرضی کے مطابق زندگی نہیں گزار سکتا ، اللہ نے انسان کو یہاں محض کچھ وقت کے لئے بھیجا ہے اور اس کے بعد اسے لوٹ کر واپس اسی کی جانب جانا ہے ۔ مسلمانوں میں آج انتشار پھیلایا جا رہا ہے ، برائی کو نیکی کا لبادہ پہنا دیا گیا ہے ، آج ہم نے اللہ کو چھوڑ کو غیر اللہ سے مدد طلب کرنی شروع کر دی ہے ، اللہ کی کتاب سے منہ پھیر لیا ہے اور اللہ تعالی کی کتاب سے منہ پھیرنے والی قومیں تباہ ہو جاتی ہیں ۔ مفتی اعظم نے کہا کہ مسلمان محبت ، تعاون کریں، تعصب سے دور رہیں ، اللہ کی جانب دین کی دعوت دی جائے ۔ جن چیزوں کو حرام قرار دیا گیا ان سے بچا جائے ، صورتحال کچھ بھی ہو مستقبل اسلام ہے ، کچھ طاقتیں اسلام کے پیغام کو تبدیل کرنا چاہتی ہیں اور ایسی صورت میں میڈیا کا بہت اہم کردار ہے ، مسلمان ممالک کا میڈیا اسلام کا دفاع کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کل کی طرح آج بھی اسلام کے دشمن ہیں تاہم جو بھی اللہ اور اس کے رسول سے لڑنے کی کوشش کرے گا شکست اس کا مقدر ہے ۔ اللہ تعالی نے انبیاءکو بھیجا اور اسلام کی دعوت دی ، حضور کو مجنوں کہا گیا ،ان پر الزامات عائد کیے گئے لیکن اللہ نے تمام برائی کی قوتوں پر انہیں فتح نصیب فرمائی ۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ تقویٰ اختیار کریں ،کسی پر ظلم نہ کریں اور سود سے بچیں ۔ مسجد نمرہ میں خطبے کے دوران مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ مسلمانوں مغرب سے بہت بڑا طوفان آرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اسلام سے دور کیا جارہا ہے اس لئے ضروری ہوگیا ہے کہ وہ اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرکے یکجا ہوجائیں۔ مفتی اعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردی اور فکر و فاقہ نے دنیا کو گھیرے میں لے رکھا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلامی تعلیمات کو سمجھ کر اتفاق رائے پیدا کرنے میں ہی مسلمانوں کی بھلائی ہے۔
Bookmarks