امریکی حکام اس بات کی تحقیق کر رہے ہیں کہ کس طرح ایک بچہ نیو یارک کے مصروف ترین جے ایف کینیڈی ائیرپورٹ پر پائلٹوں کو اترنے اور ’ٹیک آف‘ کرنے کے احکامات دیتا رہا۔
یہ تحقیقات ایک ایسے آڈیو ٹیپ کے سامنے آنے کے بعد شروع کی گئی ہیں جس میں ایک لڑکا کئی پائلٹوں کو ائیر پورٹ پر ’ٹیک آف‘ کرنے کے احکامات دے رہا ہے۔
ایک موقع پر لڑکا کہہ رہا ہے ’جیٹ بلیو ون سیون ون کانٹیکٹ ڈیپارچر‘ (جیٹ بلیو 171 ڈیپارچر سے رابطہ کیجیئے)۔ جواب میں پائلٹ لڑکے کی ’شاندا کام‘ کرنے پر تعریف کر رہا ہے۔
بظاہر لڑکا وہاں پر اپنے والد کے ساتھ موجود تھا جو ایک سند یافتہ ائیر ٹریفک کنٹرولر ہیں۔
بعد میں بڑی عمر کا شخص ہنستے ہوئے کہہ رہا ہے ’اگر سکول بند ہوں گے تو آپ کو اِسی طرح کی صورتِ حال کا سامنا کرنا پڑے گا۔‘
ایک اور موقع پر لڑکا یہ کہتے ہوئے سنائی دیتا ہے ’ایم ایس فور زیرو تھری، کانٹیکٹ ڈیپارچر‘۔ بعد میں لڑکے کو ہسپانوی زبان میں پائلٹ کو الودع کرتے بھی سنا جا سکتا ہے ’آدِیوس آمیگو‘۔
آڈیو ٹیپ پر سنے جانے والے پائلٹوں کو بظاہر اس بات کی کوئی پرواہ نہیں ہے کہ انہیں احکامات ایک بچہ دے رہا ہے۔
یہ واقعہ فروری کی سترہ تاریخ کو پیش آیا جب نیویارک میں سکول بند ہونے کے باعث بچے ایک ہفتے تک گھروں میں ہوتے ہیں۔
ابھی تک ٹیپ میں سنائی دینے والے بچے اور ان کے ساتھ موجود بڑی عمر کے شخص کی عمر اور نام کے بارے میں کچھ معلوم نہیں ہو سکا ہے۔
امریکہ میں شہری ہوا بازی کے وفاقی ادارے فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے تک اس واقعے میں ملوث ملازمین ائیر ٹریفک کو کنٹرول نہیں کریں گے۔
’یہ طرزِ عمل قابلِ قبول نہیں ہے اور اس پیشہ ورانہ معیار کی عکاسی نہیں کرنا جس کی ایف اے اے کے ملازمین سے توقع کی جاتی ہے۔‘
ایجنسی نے اس بارے میں مزید کوئی معلومات جاری نہیں کی ہیں۔
امریکہ میں ائیر ٹریفک کنٹرولروں کی تنظیم دی نیشنل ائیر ٹریفک کنٹرولرز ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ یہ واقعہ اس اعلیٰ ترین پیشہ ورانہ معیار کی عکاسی نہیں کرتا جو ائیر ٹریفک کنٹرولروں نے اپنے لیے قائم کر رکھا ہے اور جس میں ہر گزرنے والے دن کے ساتھ ایوی ایشن سیفٹی کے نقطہ نظر سے بہتری آ رہی ہے۔
And I believe that good journalism, good television, can make our world a better place.
Bookmarks